پنجاب اور بلوچستان میں مزید بارشوں کا امکان ، کوئٹہ آفت زدہ قرار، ایمرجنسی نافذ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پنجاب اور بلوچستان میں پانچ سے سات جولائی کے دوران تیز ہواو¿ں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ کوئٹہ کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ موسلادھار بارش سے راولپنڈی، اسلام آباد، کشمیر، خضدار، گوادر اور آواران کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ کشمیر، گلیات، مری، چلاس، دیامر، گلگت، ہنزہ، استور اور اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔ مسافر اور سیاح اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ مون سون ہوائیں آئندہ 24 گھنٹوں میں شدت سے بیشتر علاقوں میں داخل ہوں گی جبکہ رواں ہفتے کے آخر سے مون سون ہواو¿ں میں دوبارہ شدت کا امکان ہے۔ اسی حوالے سے پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے، بارشوں کے باعث راولپنڈی کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے، مسافر اور سیاح اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، پی ڈی ایم اے نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔ بلوچستان حکومت نے کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں