بھارتی ریاست گوا کے نائٹ کلب میں آگ لگنے سے 25 افراد جھلس کر جاں بحق

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کی مغربی ریاست گوا کے وزیراعلیٰ پرمود ساونت اور دیگر حکام نے اتوار کی صبح بتایا ہے کہ ریاست کے مغرب میں ایک مقبول نائٹ کلب میں آگ لگنے سے کم از کم 25 افراد جان سے چلے گئے۔ نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ آدھی رات کے قریب ضلع شمالی گوا کے علاقے ارپورا میں ایک کلب میں لگنے والی اس آگ سے مرنے والوں میں کئی سیاح بھی شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ پرمود ساونت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، آج ہم سب کے لیے گوا میں بہت تکلیف دہ دن ہے۔ ارپورا میں بڑے پیمانے پر آتشزدگی کے واقعے نے 25 افراد کی جان لے لی۔ انہوں نے کہا میں نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ہے اور اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو لوگ ذمہ دار پائے گئے ان کے خلاف قانون کے تحت سخت ترین کارروائی کی جائے گی اور کسی بھی کوتاہی کو سختی سے نمٹا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ انتہائی افسردہ ہیں اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں