پی ٹی آئی رہنماﺅں کو عمران خان سے ملنے نہ دیا گیا، اڈیالہ جیل جانیوالی شاہراہ بند، پولیس کے سخت حفاظتی انتظامات

راولپنڈی (پ ر) راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر موجود رہنماﺅں کو آج ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔ جس کے بعد آگے کے لائحہ عمل کے لیے علیمہ خان اور سلمان اکرم راجہ کے درمیان مشاورت جاری ہے۔ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے پیش نظر حکام نے حفاظتی اقدامات سخت کر دیے ہیں۔ پولیس نے داہگل اور گورکھپور میں دکانیں، تعلیمی ادارے اور پیٹرول پمپس بند کروا رکھے ہیں جبکہ جیل کی جانب جانے والی مرکزی شاہراہ اڈیالہ روڈ کو بھی بند کیا گیا ہے۔ عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان اور پی ٹی آئی کارکنان نے اڈیالہ جیل کے باہر فیکٹری ناکے پر دھرنا دے رکھا ہے۔ پولیس کی جانب سے یہ اقدامات سابق وزیرِ اعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے ملاقات کے دن کی وجہ سے کیے گئے، پارٹی نے اپنے ممبرانِ اسمبلی، عہدیداران اور کارکنان کو جیل کے باہر پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔ اڈیالہ جیل کے راستوں پر سیکورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کے لیے واٹر کینن بھی موجود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے