پسنی، بجلی کے شارٹ سرکٹ سے سروز نواز استاد محمود سروزی کا گھر خاکستر، خاندان شدید مالی مشکلات کا شکار، امداد کی اپیل
پسنی (نامہ نگار) پسنی میں بجلی کے شارٹ سرکٹ سے بلوچی کے سروز نواز استاد محمود سروزی کا گھر جل کر خاکستر ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پسنی کے علاقے کلانچی محلہ وارڈ نمبر 1 میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث بلوچی کے مایہ ناز سروز نواز محمود سروزی کا مکان جل کر خاکستر ہوگیا، آتشزدگی کے نتیجے میں گھر میں موجود قیمتی سامان ، کشیدہ کاری کے لیے دئیے گئے لوگوں کے کپڑے ، جوتے ، سروز ، دمبورگ ، بائی سائیکل اور دیگر گھریلو سامان مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ محمود سروزی کے مطابق آگ لگنے سے لوگوں کے سلائی کے لیے دیے گئے لاکھوں روپے مالیت کے کپڑے بھی جل گئے، جس کے باعث خاندان شدید مالی مشکلات کا شکار ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ محمود سروزی سروز اور دمبورگ بجا کر اپنے اہلِ خانہ کا گزر بسر کرتے ہیں جبکہ گھر کی خواتین بلوچی کشیدہ کاری کا کام کرکے خاندان کی کفالت میں ہاتھ بٹاتی ہیں۔ متاثرہ خاندان نے بتایا کہ شارٹ سرکٹ کے باعث ان کی تمام جمع پونجی جل کر راکھ ہوگئی ہے اور اب وہ انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ متاثرہ خاندان کے سربراہ محمود سروزی کے مطابق وہ جس بائی سائیکل کے ذریعے قریبی دیہات میں شادی بیاہ کے دوران جا کر دمبورہ اور سروز بجاتے تھے وہ بھی جل کر خاکستر ہوگیا ہے، انہوں نے مخیر حضرات، سماجی تنظیموں اور حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ ان کی مالی مدد کی جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنے گھر کا نظام سنبھال سکیں اور عید کی خوشیوں میں شامل ہوسکیں۔ علاقہ مکینوں نے بھی حکومت اور فلاحی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندان کی فوری امداد کی جائے تاکہ انہیں درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن بنایا جاسکے۔


