گرم علاقوں کے لئے ایئر کولر کی خریداری کےلئے 4 ارب روپے کی سمری ارسال کرنا کرپشن کے سوا کچھ نہیں، میر دوستین ڈومکی
کوئٹہ (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر سابق وفاقی وزیر میر دوستین ڈومکی نے انکشاف کیا ہے کہ بلوچستان میں ہیٹ ویو کے نام پر صوبہ کے گرم علاقوں کے لوگوں کے لئے ایئرکولر خریدنے کے لئے اربوں روپے نکالنے کے لئے سمری ارسال کردی ہے حالانکہ بلوچستان کے سبی سمیت دیگر گرم علاقوں کا درجہ حرارت 40 سے 50 ڈگری تک جاتا ہے جہاں پر ایئر کنڈیشنر کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں حکومت اپنے منظور نظر لوگوں کے ذریعے جس طرح رمضان پیکج میں اربوں روپے خورد برد نذر کئے ہیں اسی طرح ان پیسوں کو بھی عوام کوایئر کولر کی فراہمی کے لئے اپنی جیبوں میں ڈالیں گے ارباب اختیار اور مقتدر حلقوں سمیت نیب کو ایسے اقربا پروری کے اقدامات کا نوٹس لیتے ہوئے بلوچستان کے لوگوں کے پیسے کے ضیاع کو روکنا ہوگا اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان رقبے کے اعتبار سے پاکستان کا سب سے بڑا اور آبادی کے لحاظ سے سب سے چھوٹا، قدرتی وسائل اور معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو بلوچستان کے طول و ارض میں بسنے والے لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات ، روزگار ، تعلیم ، صحت، پینے کے صاف پانی اور انفراسٹکچر کی بہتری کیلئے خرچ کرکے ان کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جائے لیکن عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بجائے بلوچستان کے لوگوں کی حالت زار کو بدلنے کیلئے اربوں روپے کے فنڈز خرچ کرنے کی بجائے کرپشن کی نذر ہورہے ہیں جس کی وجہ سے بلوچستان کے حالات روز بروز بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں اور لوگوں کا بذریعہ سڑک ، ٹرین سفر کرنا محال ہوچکا ہے لیکن اقتدار کی کرسی پر بیٹھے ہوئے حکمران سب ٹھیک کا راگ الاپ رہے ہیں اور عوام کے مسائل کے حل کی بجائے حالات کو خراب کرتے ہوئے اربوں روپے کے فنڈز مختلف ناموں سے ادھر ادھر کئے جارہے ہیں جس طرح گرمی کے موسم میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری ہونے کے بعد صوبے کے گرم علاقوں کے مکینوں کے لئے ٹھنڈی ہوا کی فراہمی کے لئے ایئر کولر کی خریداری کے لئے تقریباً 4 ارب روپے کی سمری ارسال کی ہے اور شنید میں آیا ہے کہ فنڈز ریلیز کردیئے گئے ہیں جس طرح رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں راشن میں 6 ارب سے زائد کے فنڈز میں کرپشن کی گئی اسی طرح اس میں بھی کرپشن ہوگی کیونکہ بلوچستان کے گرم علاقوں میں درجہ حرارت 52 ڈگری گریڈ تک جاتا ہے یہاں پر ایئر کنڈیشنئر بھی کام چھوڑ دیتا ہے وہاں پر ایئر کولر لوگوں کو گرمی سے بچاﺅ میں کار آمد ہوسکتا ہے۔ ارباب اختیار اور متعلقہ ادارے ایسی فضول خرچی اور اقربا پروری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات نوٹس لے تاکہ عوام کے نام پر پیسوں کے خردبرد کو روکا جاسکے۔


