ڈاکٹر پر تیزاب گردی کے خلاف اور مطالبات کے حق میں ینگ ڈاکٹر احتجاجی ریلی نکالیں گے
کوئٹہ(یو این اے )ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) بلوچستان کی جانب سے کوئٹہ سول ہسپتال میں خاتون ڈاکٹر پر تیزاب گردی کے افسوسناک واقعے کے خلاف آج بروز اتوار دوپہر 12 بجے سول ہسپتال کوئٹہ (SPH) سے کوئٹہ پریس کلب تک ایک پرامن احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ وائی ڈی اے کے ترجمان کے مطابق اس ریلی کا بنیادی مقصد وحشیانہ واقعے کی شدید مذمت کرنا، متاثرہ لیڈی ڈاکٹر سے یکجہتی کا اظہار کرنا اور صوبے بھر کے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز و ہیلتھ کیئر ورکرز کے تحفظ کے لیے فوری اور مثر اقدامات کا مطالبہ کرنا ہے۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے ہسپتال میں ناقص سیکیورٹی اور انتظامات کی ناکامی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکریٹری صحت بلوچستان، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس)سول ہسپتال کوئٹہ اور سیکیورٹی انچارج سول ہسپتال کوئٹہ سے فوری طور پر استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کی جانب سے تمام ڈاکٹرز، ہیلتھ پروفیشنلز، نرسز اور دیگر پیرامیڈیکل اسٹاف سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے ساتھیوں کے تحفظ اور آئینی حقوق کے لیے اس پرامن احتجاجی ریلی میں بھرپور اور لازمی شرکت کو یقینی بنائیں۔


