الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے 5 انتخابی حلقوں کے نتائج روک دیے، متعلقہ ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری
گلگت (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے پانچ انتخابی حلقوں کے نتائج روکنے کا حکم دیدیا، متعلقہ ریٹرننگ افسران کو حتمی نتائج جاری کرنے سے روک دیا۔ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق مخصوص پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے انعقاد تک نتائج روک دیے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن میں جن حلقوں کے نتائج روکے گئے ہیں ان میں ضلع دیامر کے حلقوں جی بی اے 15، جی بی اے 16 اور جی بی اے 17 شامل ہیں جبکہ اسی طرح اسکردو کے حلقہ جی بی اے 8 اور استور کے حلقہ جی بی اے 13 کے نتائج بھی تاحکم ثانی جاری نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جاری حکم نامے میں الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کو یہ احکامات بھی جاری کیے ہیں کہ وہ پوسٹل بیلٹس کی جانچ پڑتال اور گنتی کا عمل بھی نہ کریں۔ اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


