کوئٹہ وحدت کالونی سانحہ میں نامزد سرکاری افسر اور ڈرائیور کو معطل کردیا گیا، واقعے کی شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جارہا ہے، معاون وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (این این آئی) وحدت کالونی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد حکومت بلوچستان نے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ایس اینڈ جی اے ڈی کے انڈر سیکرٹری آفتاب احمد جبل اور محکمہ کے ڈرائیور مسعود احمد کو معطل کر دیا ہے۔ جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایس اینڈ جی اے ڈی کے انڈر سیکرٹری ایس-ایکس آفتاب احمد جبل بی ایس ایس/بی-18 کو بلوچستان ایمپلائز ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن ایکٹ 2011 کی دفعہ 6(2) کے تحت مبینہ مجرمانہ بدعنوانی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے الزامات کی بنیاد پر فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے، معطلی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور آئندہ احکامات تک برقرار رہے گا۔ دوسری جانب محکمہ ٹرانسپورٹ سیکشن ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے جاری علیحدہ حکم نامے میں ڈرائیور مسعود احمد ولد غلام مصطفیٰ (بی پی ایس-05) کو بھی مبینہ مجرمانہ بدعنوانی کے الزام میں معطل کر دیا گیا ہے۔ حکم نامے کے مطابق مسعود احمد کو بلوچستان پولیس نے گرفتار کیا تھا جس کے بعد انہیں 8 جون 2026 سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ معطلی کے دوران مسعود احمد اپنے معمول کے مطابق تنخواہ اور الاو¿نسز وصول کرنے کے حقدار ہوں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے وحدت کالونی میں محمد آصف کی جانب سے اپنی بیوی اور چار بچوں کو قتل کرنے اور بعد ازاں خودکشی کرنے کے واقعے کے بعد تھانہ شہید امیر محمد دستی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں آفتاب احمد جبل، ان کی اہلیہ، مسعود احمد مینگل اور دیگر افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔حکومتی ذرائع کے مطابق واقعے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں جبکہ مزید کارروائی تحقیقاتی نتائج کی روشنی میں عمل میں لائی جائے گی۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے کہا ہے کہ واقعہ کا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے زیر الزام متعلقہ سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کی ہدایت جاری کی تھی جس کے بعد دونوں اہلکاروں کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت واقعہ کے تمام پہلوو¿ں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے اور اس سلسلے میں شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ پر مبنی تحقیقات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تحقیقات کی روشنی میں ذمہ دار افراد کے خلاف مزید قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


