اگر فرانس کے سفیر کی ملک بدری ممکن نہیں تو ایسا معاہدہ کیوں کیا گیا تھا؟ فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد :پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فرانس کے سفیر کی ملک بدری ممکن نہیں تو ایسا معاہدہ کیوں کیا گیا تھا؟۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران خان کالعدم تحریک لبیک سے ہوئے معاہدے کو پارلیمان میں کیوں نہیں لائے؟۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمان کو بائی پاس کرکے کالعدم تحریک لبیک سے فرانس کے سفیر کی ملک بدری کے معاہدے کی کوئی منطق نہیں۔ انہوں نے کہاکہ افسوس کی بات ہے کہ آج بھی عمران خان نے پارلیمان کو اعتماد میں لینے کے بجائے ٹی وی پر قوم سے خطاب کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان ماضی میں کالعدم تحریک لبیک کے دھرنوں میں شریک ہوتے رہے ہیں، میڈیا پر پابندیاں عائد کرکے عمران خان نے ملک کو افواہوں کا مرکز بنادیا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی نااہلی کے سبب پورا ملک خوف کا شکار ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت میں بھی گستاخانہ مواد کا معاملہ اٹھا جسے ڈائیلاگ سے حل کیا گیا۔ انہں نے کہاکہ عمران خان نے تشدد کا راستہ اختیار کرکے ملک کو ایسے حالات کے حوالے کردیا ہے جس کے خوف ناک نتائج سب بھگتیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان ملک کو معاشی و سماجی انتشار کی اس نہج پر پہنچاچکے ہیں کہ ان کے پاس مستعفی ہونے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں