الیکشن کمیشن کے سامنے تمام تحفظات جمع کروا دیئے، مفتاح اسماعیل

اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما و کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 میں ہوئے ضمنی انتخاب میں امیدوار مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے سامنے تمام تحفظات جمع کروا دیئے ہیں۔الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے 167 فارم 45 جمع کرائے ہیں، جن پر ایک بھی پولنگ ایجنٹ کے دستخط نہیں ہیں، میرے ووٹ کسی اور امیدوار کو دیئے گئے ہیں۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہمیں کوئی بھی فارم 46 نہیں ملا، امید ہے کہ مثبت فیصلہ آئیگا، 276 میں سے 167 فارم پر دستخط نہ ہوں تو یہ بے ضابطگی ہے۔(ن)لیگ کے امیدوار نے کہا کہ ہمیں الیکشن کمیشن کی جانب سے جو فارم ملے ہیں ان پر پولنگ ایجنٹس کے دستخط نہیں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں