فلسطین اور اسرائیل کشیدگی میں کمی لائیں:امریکہ

نیویارک:امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے پیر کے روز اسرائیل اور فلسطینوں پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی میں کمی لائیں۔ انہوں نے حماس کی جانب سے اسرائیل میں راکٹ داغنے کو بھی فوری طور پر بند کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وزیرِ خارجہ نے یہ بات واشنگٹن میں اردن کے اپنے ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ فریقین کو کشیدگی میں کمی لانے اور حالات میں بہتری لانے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔بلنکن نے حماس کی جانب سے راکٹ فائر کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ عسکریت پسند گروپ حماس غزہ کی پٹی پر کنٹرول رکھتا ہے، بلنکن نے اسرائیل کی جانب سے راکٹ حملوں کو جواب دینے کے حق کی بھی حمایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان راکٹ حملوں کو فوری طور پر بند کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیرِ خارجہ نے اسرائیل کی طرف سے ان اقدامات کو سراہا، جو اس نے امریکہ کی طرف سے تحفظات کے اظہار کے بعد اٹھائے ہیں جیسا کہ اسرائیل نے گزشتہ روز اس پریڈ کا راستہ تبدیل کر دیا تھا جس کا مقصد 1967 میں یروشلم پر کنٹرول کی سالگرہ منانا تھا۔بلنکن نے یروشلم کے شیخ جراح کے علاقے سے فلسطینی خاندانوں کو نکالنے کے فیصلے کو ملتوی کرنے کے اسرائیلی اقدام کا بھی حوالہ دیا۔ یہ وہ اقدام ہے جس کی وجہ سے تشدد کو اس مقدس شہر میں ہوا ملی اور سیکڑوں افراد اس میں زخمی ہو گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں