سانحہ 12مئی: قاتلوں کوکیفرکردار تک نہیں پہنچانا افسوسناک ہے، پشتونخوامیپ

کوئٹہ:پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں سانحہ 12مئی 2007کراچی کے شہدا کی شہادت کی 14ویں برسی کے موقع پر شہدا کراچی سمیت قومی برابری،جمہوریت،سماجی انصاف،امن وترقی کے جدوجہد کی راہ میں تمام معلوم ونامعلوم شہدا کو ان کی قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جنرل پرویز مشرف کی فوجی آمریت کے خاتمے اور ملک میں جمہوریت اور آزاد عدلیہ کی بحالی کیلئے پشتونخوامیپ اور دیگر جمہوری سیاسی پارٹیوں کی جاری جدوجہد کے دوران 12مئی 2007کو اُس وقت کے معزول چیف جسٹس آف پاکستان (افتخار محمد چوہدری) کی کراچی آمد کے موقع پر استقبالیہ جلوس کے ہزاروں شرکاء پر جنرل مشرف کی فوجی آمریت اور ان کے پروردہ فاشسٹ اور دہشتگرد تنظیم نے حملہ کرکے مختلف سیاسی پارٹیوں کے 50سے زائد سیاسی کارکنوں کو شہید وزخمی کیا جس میں پشتونخوامیپ کے نوجوان کارکن مہتاب خان آفریدی بھی شہید ہوئے۔14سال کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجودیہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ آج تک ان شہدا کے قاتلوں کو کیفرکردارتک نہیں پہنچایا گیااور حکومت،سیاسی پارٹیوں اور ملک کی عدلیہ نے اس اہم سانحہ اور خون ریز واقعہ کو بھلا کر شہدا کے خون سے انصاف نہیں کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ انتظام و انتقام اور مکافات عمل کے قدرتی قوانین ہے جو کسی کی مرضی کے تابع اور پابند نہیں آج فوجی آمر جنرل مشرف کی حالت زار تمام عوام کے سامنے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کے استعماری وآمرانہ قوتوں کی آمرانہ پالیسیوں کے تباہ کن نتائج سے ملک دوچار ہے اور اس ملک کو تاریخ کے بدترین بحرانوں سے نجات دلانے کیلئے، ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی، قوموں کی برابری، آئین وقانون کی حکمرانی،پارلیمنٹ کی بالادستی، تمام اداروں کو ملکی آئین کے دائرہ کار میں متعین کردہ حدود میں کام کرنے کا پابند بنانے کیلئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ عملی جدوجہد کررہی ہیں اور پشتونخوامیپ اس تحریک میں ہر اول دستے کا کردار ادا کررہی ہے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت سانحہ12مئی 2007کراچی کے شہدا کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے فوری اور جامع اقدامات اٹھائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں