نیب نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے درخواست دی ہے، شیخ رشید

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کیلئے درخواست دے دی ہے۔ ایک انٹرویومیں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ نیب نے شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی درخواست کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس پر وزارت قانون اور داخلہ، دو وزارتیں فیصلہ کرتی ہیں اس لیے (آج) جمعرات کو ہم اجلاس بلائیں گے اور جو بھی فیصلہ ہوگا فوری طور پر کا بینہ کو بھیج دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزارت قانون اور داخلہ جو فیصلہ کرتی ہیں پھر کابینہ اس کی منظوری دیتی ہے۔مذکورہ معاملے پر لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ کیس کی قانونی حیثیت کے بارے میں مجھے معلومات نہیں ہے لیکن نیب کی درخواست ملی ہے اس پر کل اجلاس بلائیں گے اور شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے یا کرنے کا فیصلہ کرکے کابینہ کو بھیجوا دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ میں ہونے والے اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر قانون فروغ نسیم اور مشیر احتساب شہزاد اکبر شریک ہوں گے۔اجلاس میں نیب کے خط کے ساتھ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق آئینی و قانونی امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے متعلق ای سی ایل کمیٹی کے فیصلے بعد معاملہ وفاقی کابینہ کو بھجوادیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں