راولپنڈی سے کوئی لڑائی نہیں تھی، ہماری صلح ہوگئی ہے، محمدزبیر

کراچی:مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر عمر نے کہا ہے کہ ہماری کوئی لڑائی نہیں تھی راولپنڈی سے ہماری صلح ہو گئی ہے،سیز فائر یا صلح کے بارے میں تو نہیں پتا لیکن ہمارے تعلقات اچھے ہیں، ہم جب مطمئن ہوں گے تو اس کا باقاعدہ بتائیں گے، ملاقاتوں کے دوران کبھی ڈیل یا ریلیف نہیں مانگا، عید کے بعد حکومت گرانے کی تحریک لائیں گے، جہانگیر ترین اوران کے گروپ سے ہمارا کوئی رابطہ نہیں، بلاول کی ان ہاؤس تبدیلی کی حکمت عملی سے متفق نہیں، دوسرے طریقے سے اس حکومت کو بھگائیں گے۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوئی لڑائی نہیں تھی راولپنڈی سے ہماری صلح ہو گئی ہے۔ سیز فائر یا صلح کے بارے میں تو نہیں پتا لیکن ہمارے تعلقات اچھے ہیں۔ ہم جب مطمئن ہوں گے تو اس کا باقاعدہ بتائیں گے۔ محمد زبیر نے کہا کہ میری ملاقاتیں ہوئی تھیں تو کبھی ڈیل یا ریلیف نہیں مانگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ نہیں چاہیے۔ پی ٹی آئی حکومت نے مجھ سمیت دیگر ہمارے رہنماؤں کے خلاف غداری کے مقدمے بنے ہیں۔ نواز شریف اور ان کی فیملی حب الوطن ہے۔انہوں نے کہا کہ جس عمران خان کو میں جانتا ہوں وہ جذباتی ہے اگر کابینہ تحلیل ہونے اور اس کے استعفے کا معاملہ آیا تو وہ بیٹھے دیکھتے نہیں رہینگے بلکہ اسمبلیاں ہی توڑ دینگے اور کہیں گے کہ میں واپس عوام کے پاس جاتا ہوں اور دوبارہ الیکشن لڑونگا۔ عمران خان کبھی یہ نہیں چاہئیں گے کہ وہ مستعفی ہو جائیں اور شاہ محمود قریشی وزیر اعظم بن جائیں ایسا کبھی نہیں ہو گا۔ عمران خان ایسی شخصیت کے مالک ہیں کہ وہ سفیروں سمیت کسی کو بھی نہیں چھوڑتے۔ وہ احساس کمتری کا شکار ہیں۔محمد زبیر نے کہاکہ اگلا وفاقی بجٹ منظور نہ ہوا تو موجودہ سیاست کا رخ ہی تبدیل ہو جائے گا۔ اگر حکومت چلی جاتی ہے تو ہم وہ ہر آپشن استعمال کرینگے جو پاکستان کے لئے بہتر ہوگا۔ اگر بجٹ منظور نہ ہوا تو کئی حکومتی بیک بنچرز خود عمران خان کے خلاف اٹھ کھڑے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسی صورتحال میں پاکستان کو انتشار کا شکار نہیں ہونے دینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں