سریاب گندگی کے ڈھیر میں تبدیل، کوئی پرسان حال نہیں

کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے نائب صدر طاہرشاہوانی ایڈووکیٹ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سریاب اور گرد و نواح میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے کچرہ اٹھانے اور گلی محلوں میں صفائی کے لئے کسی قسم کے اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے پورا علاقہ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے، گلی کوچوں، میدان اور مین شاہراہوں پر جگہ جگہ پڑا کچرہ عوام کے لئے وبال جان بن گیا بلکہ اکثر اوقات ان سے تعفن پھیلنے لگتا ہے اور مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سریاب اور ملحقہ علاقوں میں ایک عرصے سے صفائی کے لئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں اس قبل سابق ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ نے بھی سریاب اور ملحقہ علاقوں کو یکسر طور پر نظر انداز کردیا تھا جبکہ موجودہ ایڈمنسٹریٹر کے آنے کے ساتھ سریاب کے عوام کو امید ہوچلی تھی کہ اب علاقے میں کچرے کو روزانہ کی بنیاد پر اٹھایا جائے گا اور جگہ جگہ پڑے کچرے کے ڈھیر سے عوام کو نجات مل جائے گی اور ماضی میں سریاب کو نظرانداز کرنے کا سلسلہ تھم جائے گا مگر ایسا ممکن نہیں ہوا جو کہ مایوس کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں تعفن پھیلنے اور جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر سے علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کی کوششوں کے نتیجے میں سریاب کے مختلف علاقے جو پہلے ڈسٹرکٹ کونسل کا حصہ تھے وہ اب میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کا حصہ بن گئے ہیں مگر اب ایک مرتبہ پھر کوششیں کی جارہی ہیں کہ ان علاقوں کو دوبارہ ڈسٹرکٹ کونسل کا حصہ بنایا جائے تاہم بلوچستان نیشنل پارٹی ایسے کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی، بی این پی علاقے کی نمائندہ جماعت ہے اور لوگوں کا بی این پی پر اعتماد ہے اور بی این پی عوام کے اس اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائے گی بلکہ عوامی مفادات کے مسائل کے حل کے لئے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سریاب اور ملحقہ علاقوں میں فوری طو رپر صفائی مہم شروع کیا جائے تاکہ لوگ سکھ کا سانس لے سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں