نادرا کے ذریعے راشن تقسیم کرنے کا ڈیٹا تیار کیا جا رہا ہے، وزیر اعلی کو بریفنگ
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کرونا وائرس کی روک تھام، مستحقین میں راشن کی تقسیم سمیت دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا، صوبائی وزراء میر ظہور احمد بلیدی، سردار عبدالرحمان کھیتران، چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حافظ عبدالباسط، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ، متعلقہ محکموں کے سیکریٹریوں اور ڈی جی پی ڈی ایم نے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس کو وزیر اعلیٰ ڈیلوری یونٹ کنٹرول روم کے انچارج کی جانب سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے رحجان کے جائزہ کے حوالے سے تیار کئے گئے ڈیٹا بیس کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ روزانہ کی بنیاد پر کرونا وائرس سے متاثرہ اور مشتبہ افراد کا ڈیٹا تیار کیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کہ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں عوام سے براہ راست رابطہ کرکے ان میں کرونا وائرس کی علامات کے حوالے سے معلومات حاصل کریں گی، کنٹرول روم نادرا کے ڈیٹا بیس کے ذریعے مستحقین میں راشن کی تقسیم کا ڈیٹا بھی تیار کر رہا ہے جس سے مستحق خاندانوں کے مکمل کوائف حاصل ہونگے، کنٹرول روم میں 1649 رضاکار وں اور 49 غیر سرکاری تنظیموں نے اپنی رجسٹریشن کرائی ہے جو رضاکارانہ طور پر راشن کی تقسیم سمیت دیگر رفاحی کاموں میں حکومت کے ساتھ کام کرنے کی خواہش مند ہیں، اجلاس میں کنٹرول روم کو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے منسلک کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں راشن اور طبی آلات کی تقسیم کی طریقہ کار کو مزید موثر بنانے کی ضرورت سے اتفاق کیا گیا جبکہ افغان کارڈ رکھنے والے مستحقین کو بھی کمشنر افغان رفیوجیز کی تصدیق کے بعد راشن کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا۔ راشن کی تقسیم اور فوڈ سیکورٹی کمیٹی کے چیئرمین سیکریٹری خوراک دوستین جمالدینی نے اجلاس کو بتایا کہ اب تک صوبائی حکومت کی جانب سے مختلف اضلاع میں 17 ہزار خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا ہے جبکہ غیر سرکاری رفاحی اداروں، مخیر حضرات اور عوامی نمائندوں کی جانب سے بھی 47 ہزار خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ایک لاکھ پچاس ہزار مستحق خاندانوں میں راشن کی تقسیم کے عمل کو جلد از جلد مکمل کر کے ان کا مکمل ریکارڈ تیار کیا جائے گا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئلہ کان مالکان کو کانوں میں کام کرنے والے مستحق کانکنوں اور صنعت کاروں کو اپنی صنعت کاروں کے مستحق کارکنوں راشن کی فراہمی کا پابند کیا جائے گا۔ اجلاس میں فضائی آپریشن کی بحالی کی صورت میں بین الاقوامی پروازوں کے ذریعے کوئٹہ آنے والے مسافروں کی سکینگ اور قرنطینہ کی سہولت کی فراہمی سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے حب، نصیر آباد، ژوب،تربت اور دیگر علاقوں میں کرونا وائرس ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام یا موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹری کی سہولت کی فراہمی کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ اور پی ایس ڈی پی کی تیاری کے علاوہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی اہم صوبائی امور کی انجام دہی معمول کے مطابق جاری رکھی جائے۔