پاکستان کی سعودی عرب سے ادھار پر تیل کی فراہمی کیلئے بات چیت مکمل

اسلام آباد :پاکستان کی سعودی عرب سے ادھار پر تیل کی فراہمی کے لیے بات چیت مکمل ہوگئی،ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے ادھار تیل کی فراہمی یکم جولائی سے شروع ہو جائے گی اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سعودی عرب ایک سال کے لیے تیل ادھار پر دے گا جبکہ اس میں 3 سال تک توسیع بھی ہو سکے گی۔ علاوہ ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کیا جس میں دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور گہرے تعلقات کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستانی قیادت کی جانب سے سعودی فرمانروا, خادم الحرمین الشرفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کے پیغامات پہنچائے۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہمیں صورت حال کی نزاکت کا بخوبی علم ہے اور ہمیں سعودی قیادت کی جانب سے مفاد عامہ میں کیے گئے فیصلوں پر مکمل اعتماد ہے – دونوں وزرائے خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کے کامیاب دورہ سعودی عرب کے دور رس اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا،دونوں وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے کیے گئے مشترکہ فیصلوں پر جلد عملدرآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کی سالمیت کے حوالہ سے پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں