نواب ثناء اللہ زہری، جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ جلد ہی پیپلز پارٹی میں شمولیت کریں گے، چنگیز جمالی

کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز جمالی، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ 2023کے انتخابات میں پیپلز پارٹی مرکز اور بلوچستان میں حکومت بنائے گی، نواب ثناء اللہ زہری، جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ سمیت قد آور اور محترم شخصیات جلد ہی پیپلز پارٹی میں شمولیت کریں گی، سندھ حکومت بلوچستان کے پانی کی فراہمی کے لئے تعاون کررہی ہے بدقسمتی سے ہمارا انفراسٹرکچر پورا نہ ہونے کی وجہ سے پانی کا مسئلہ ہے، صوبائی حکومت نے 40ارب روپے لیپس کئے مگر محکمہ آبپاشی نے بہتری کے لئے پیسے خرچ نہیں کئے، پارٹی کے ناراض اور دیرینہ کارکنوں کو ساتھ لیکر چلیں گے کسی کو منانے کے لئے ہاتھ جوڑنے سے بھی گریز نہیں کریں گے، یہ بات انہوں نے کاکڑ ہاؤس کوئٹہ میں پریس کانفرنس اور روزی خان کاکڑ کی جانب سے صوبائی صدر میر چنگیز جمالی کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی، قبل ازیں پیپلز پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر نور الدین کاکڑ کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے دشت تیرہ میل میں چنگیز جمالی کا استقبال کیا اور جلوس شکل میں روزی خان کاکڑ کی رہائشگاہ پہنچے،پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز جمالی نے کہا کہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 2023کی حکومت پیپلز پارٹی کی حکومت ہوگی،نواب ثناء اللہ زہری اور جنرل(ر)عبدالقادر بلوچ جلد ہی پیپلز پارٹی میں شمولیت کرلیں گے آنے والے انتخابات میں محترم اور قد آور شخصیات کی ضرورت ہے ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے ہم بلوچستان اور بلوچستان کی عوام کی خدمت کے لئے آئے ہیں آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی بلوچستان میں حکومت بنائے گی انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو اور میر تاج محمد جمالی کے فلسفے پر چلتے ہوئے عوام کی خدمت کرونگا اور پارٹی کو فعال بنا کر آئندہ انتخابات کی بھر پور تیاریاں کریں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں موجودہ حالات میں ذمہ داری دی گئی ہے پارٹی لیڈر شپ کے اعتماد پر پورا اتریں گے شہید بے نظیر کے جیالے اور پارٹی چیئر مین بلاول بھٹو کی قیادت میں پارٹی کوفعال کریں گے بلوچستان کی آئندہ حکومت میں پیپلز پارٹی کی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ناراض ہے تو اپنے دل سے ہاتھ باندھ کر اپنے ساتھیوں اور بھائیوں کو راضی کریں گے سب کو ساتھ لیکر اتفاق رائے مشاورت سے اکھٹا چلیں گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے بلوچستان کا وفد سکھر بیراج گیا ہے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان کو ناراض نہیں کر سکتے افسوس کی بات ہے حکومت نے 40ارب لیپس کئے مگر صوبے میں محکمہ آبپاشی کے لئے ایک روپیہ بھی ریلیز نہیں ہوا انہوں نے کہا کہ جام صاحب کو بتا رہا ہوں کہ آئندہ پی ایس ڈی پی میں کینال ایریگیشن کے لئے منصوبے نہ رکھنا افسوسناک ہے حکومت اور اعلیٰ حکام کو بتانا چاہتے ہیں کہ سند ھ حکومت ساتھ دے رہی ہے مگر ہمارا انفراسٹرکچر مکمل نہ ہونے کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کو پانی نہیں مل رہا اور انکا روزگار متاثر ہور ہا ہے انہوں نے کہا کہ نئی ذمہ داریاں سونپنے اور اعتماد کرنے پر پارٹی چیئر مین بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری، فریال تالپور سمیت سینئر قیادت کا شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے صوبائی صدر بنانے پر اعتماد کیاجعفرآباد نصیر آباد کے بعد کوئٹہ میں دشت سے لیکر کوئٹہ شہر تک والہانہ استقبال کرنے والوں کا شکر گزارہوں،بعدازاں زوزی خان کاکڑ کی جانب سے میر چنگیز جمالی کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا جس سے روزی خان کاکڑ، ملک ولی محمد قلندرانی، نور الدین کاکڑ، سید اکبر شاہ، ولی محمد وردگ سمیت دیگر نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے ہماری جڑیں اور طاقت عوام ہیں جن کے مسائل کو اجاگر اور حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو نہ صرف صوبے بلکہ ڈویژن اور ضلعی سطح پر فعال بنائیں گے اور عوام میں جاکر انہیں اعتماد میں لیں گے انہوں نے کہا کہ آنے والا دور پیپلز پارٹی کا ہے جس میں ملک و قوم ترقی کی راہ پر گامزن ہونگے

اپنا تبصرہ بھیجیں