اسمبلی میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے پولیس نے گریبان سے پکڑا، احمد نواز بلوچ

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی احمد نواز بلوچ نے کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے انہیں اسمبلی میں داخل ہونے سے روکنے کے لئے گریبان سے پکڑا گیا اور کوشش کی گئی کہ انہیں اسمبلی کے اندر نہ جانے دیا جائے۔ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ احمد نواز بلوچستان اسمبلی آتے ہوئے پولیس اہلکاروں کے ساتھ بحث مباحثہ کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں بعد ازاں ویڈیو میں پولیس اور رکن اسمبلی کے درمیان تند و تیز جملوں کا تبادلہ ہوا بلکہ دھکم پیل بھی ہوئی، اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے اسمبلی میں صوبائی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور کہا کہ جام کمال اور ان کے حکومت میں شامل دیگر جماعتوں کی جانب سے زور زبردستی قابل مذمت امر ہے جس سے وہ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ واضح رہے اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ اجلاس کے موقع پر احتجاج کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ بجٹ اجلاس کے موقع پر کسی کو بھی اسمبلی ہال میں جانے کی اجازت نہیں دیں گے جس کے بعد جمعہ کے روز پولیس کی جانب سے شہر میں شاہراہوں کو بند کردیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں