نواز شریف ہمارے پیسے واپس کرکے جہاں مرضی چلے جائیں، فواد چوہدری

سکردو:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نوازشریف ہمارے پیسے واپس کریں اور جہاں مرضی چلے جائیں،احتساب کے عمل کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، نواز شریف کو جیل میں رکھنا نہیں چاہتے،گلگت بلتستان میں لوکل گورنمنٹ کی تشکیل کی ضرورت ہے، گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے جارہے ہیں، معاملے پر تیزی سے پیش رفت ہورہی ہے، ہم امن کے لیے سنجیدہ ہیں، اور بھارتی وزیراعظم مودی کی کشمیر پالیسی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکردو پریس کلب کو گرانٹ رواں مہینے مل جائے گی، اس سے ان کا ایک مطالبہ پورا ہو جائے گا، اس کے علاوہ یہاں نوجوان صحافیوں کو ڈیجیٹل تربیت فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکردو میں سیاحت کو فروغ مل رہا ہے، پی آئی اے نے بھی اپنی فلائیٹس شروع کی ہیں جو ایک مثالی اقدام ہے، ایک روز میں تین تین فلائیٹس چل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سیاحت کے امکانات زیادہ ہیں تاہم ہمارے پاس انفراسٹرکچر کم ہے، ہمیں انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سیاحت کا شعبہ تیزی سے ترقی کی جانب بڑھے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سکردو کے صحافیوں کو ایسی تربیت فراہم کرنے کی ضرورت ہے جس میں ماحول دوست اور سیاحت سے جڑی رپورٹنگ کی کلاسز بھی شامل ہوں، اس کے لئے ہم یونیورسٹی سے بات کریں گے۔ سکردو کے صحافیوں کی ترقی کیلئے جو کچھ کر سکے، ہم کریں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے گلگت بلتستان کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے 300 ارب روپے سے زائد کا پیکیج دیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت، سکردو اور دیگر شہروں کی ٹاؤن پلاننگ کے لئے ماسٹر پلان بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر منصوبہ بندی کے بغیر تعمیرات ہوں گی تو اس کے نتیجے میں آئندہ آٹھ سے دس سالوں میں مسائل پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کراچی کے مسائل کی بنیادی وجہ بھی یہی ہے، اگر تعمیرات میں پلاننگ نہیں ہو گی تو مسائل پیدا ہوں گے، اس میں منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان سی پیک کے اہم روٹ پر واقع ہے، یہاں ماضی میں ملک دشمنوں کی جانب سے ریشہ دیوانیاں ہوئیں لیکن اس علاقے کے لوگوں کے دل ہمارے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ افغانستان کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ افغانستان کے اندر معاملات خوش اسلوبی سے طے ہو جائیں، افغانستان میں جنگ بندی روکنے کے لئے ہم نے بھرپور کوششیں کیں، امن کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے ریشہ دیوانیوں کا سلسلہ جاری ہے، کشمیر کے مسئلہ پر جس طریقے سے نریندر مودی کی حکومت نے مسلمانوں اور کشمیری عوام کے خلاف کارروائیاں کیں، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور گلگت بلتستان کے عوام کا موقف ایک ہے، ہم نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے بھارت سے تجارت ختم کی، کرکٹ سیریز دکھانے کے حوالے سے ہم نے معاہدے بھی اسی وجہ سے ختم کئے کیونکہ جن کمپنیوں کے پاس یہ میچ دکھانے کے رائٹس تھے ان کا تعلق بھارت سے تھا۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے تک ن لیگ نے یہاں حکومت کی، ان کی عدم توجہی کی وجہ سے سکردو کی سرکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی 15 کلو میٹر سڑکیں اس سال اور 15 کلو میٹر آئندہ سال مکمل ہوں گی، پہلی مرتبہ یہاں کارپٹڈ سڑک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا حصہ مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی ہر طبقہ فکر کے لوگوں نے تعریف کی، ہم نے بجٹ کو کاروباری اور تنخواہ دار طبقہ کی مشکلات کو مدنظر رکھ کر تیار کیا ہے اور پاکستان کے عوام نے اس بجٹ کا خیرمقدم کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ احتساب کے عمل کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ نواز شریف اور مریم نواز کے کیسز میں انہیں سزا ہو چکی ہے، نواز شریف ملک سے فرار ہیں۔ شہباز شریف کے کیس کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہونی چاہئے تاکہ یہ مقدمات اپنے منطقی انجام کو پہنچ سکیں۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں انصاف پر مبنی مقامی حکومتوں کا نظام لائیں گی تو اس سے مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلبز اور بار کونسلز نے اپنے الیکشنز ای وی ایم پر کروانے کا مطالبہ کیا ہے، ہم انہیں اس میں سہولت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکردو پریس کلب بھی اپنے انتخابات ای وی ایم پر کروائے، ہم سہولت فراہم کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں