احتساب کے نام پر ڈرامہ انتقام میں بدل چکا ہے، سراج الحق

فیصل آباد :امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو دبانے کے لیے نیب کو استعمال کیا جا رہا ہے، احتساب کے نام پر ڈرامہ کیا گیا جو انتقام میں بدل چکا ہے۔فیصل آباد میں امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق نے علماء و مشائخ کنونشن سے خطاب کیا اور میڈیا سے گفتگو بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کیسا احتساب ہے جو حکومت میں ہے، ان کا احتساب نہیں ہوتا، نیب کو چینی، ادویات اور آٹے کے اسکینڈل پر بھی نوٹس لینا چاہیئے۔سراج الحق کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کو تقسیم کر کے نشانہ بنایا جا رہا ہے، ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے، علمائے کرام کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نون لیگ، پی پی اور پی ٹی آئی کا ایجنڈا عالمی مالیاتی اداروں کا ایجنڈا ہے، آئی ایم ایف کی شرائط پر بنایا گیا بجٹ پیش کیا گیا۔امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو دھوکا دیا، کوئی وعدہ پورا نہیں کیا، ملک کے 70 فیصد عوام کا مسئلہ مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت امریکا سے ہونے والے معاہدے قومی اسمبلی میں پیش کرے، اپوزیشن اور حکومت مشترکہ طور پر شفاف الیکشن کا لائحہ عمل بنائیں۔جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت کے الیکشن سے متعلق بنائے گئے قوانین ناقابلِ قبول ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں