فواد نے الیکشن کمیشن کو دھمکانے کی کوشش کی، احسن اقبال

اسلا م آباد :مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کاکہنا ہے کہ فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کو دھمکانے کی کوشش کی، حکومت الیکشن کمیشن کو نیب کی طرح کا ادارہ بنانا چاہتی ہے، انہوں نے قومی ادارے ایک ایک کرکے تباہ کر دیئے۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے کہاکہ ایک سال میں چار چار سیکرٹریز کو تبدل کیا گیا، ہمیں تو خطرہ ہے کہ یہ کہیں پاکستانی ایٹمی پروگرام کو گروی نہ رکھ دیں۔

انہوں نےکہا کہ جو بجٹ پیش کیا گیا اس میں مہنگائی اور بیروزگاری کا حل نہیں ہے، یہ حکومت ملک کو کنگال کرچکی ہے، پی ٹی آئی کے اپنے اراکین کہہ رہے ہیں اس حکومت نے کرپشن کی، یہ حکومت اپوزیشن کے خلاف کیسز بنا رہی ہے۔

احسن اقبال نے کہاکہ احتساب عدالت کی کارروائی کو ٹی وی پر چلایا جائے، آج پھر نارووال اسپورٹس سٹی کے جھوٹے مقدمہ میں پیش ہوا ہوں، پاکستانی قوم دیکھ چکی ہے کہ 3 سال کے بعد بھی کوئی ٹھوس کیس نہیں،جبکہ قومی منصوبے کو نقصان پہنچانے والے حکومت میں بیٹھے ہیں اور قومی منصوبے بنانے والے عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں۔

نون لیگ کے رہنما نے کہا کہ حکومت ہر معاملے کو پچھلی حکومت پر ڈال دیتی ہے، پچھلے 3 ضمنی انتخابات میں حکومت کو شکست ہوئی ہے، یہ الیکٹرانک سسٹم میں چپ لگا کر آر ٹی ایس والا کام لینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ میں وفاقی وزیراطلاعات کے بیانات کی مذمت کرتا ہوں جنہوں نے الیکشن کمیشن کودبانے کی کوشش کی، الیکشن کمیشن کو آزاد اور خود مختار ہونا چاہیے، حکومت الیکشن کمیشن کو نیب کی طرح کا ادارہ بنانا چاہتی ہے۔

پی ٹی آئی اگلا الیکشن ہارنے کے ڈر سے الیکٹرانک مشین متعارف کروا رہی ہے، حکومت الیکشن کمیشن کوناکارہ کرنا چاہتی ہے، یہ اپنی مرضی کی ترامیم لانا چاہتے ہیں،وفاقی وزیر نے الیکشن کمیشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی۔

احسن اقبال کاکہنا تھا کہ گڈانی پر آنے والا شپ بھی کرپشن کی کہانی ہے، جس جہازکو بنگلہ دیش اور بھارت نے روکا حکومت نے پیسے لے کر اسے گڈانی آنے دیا، جہاز میں زہریلا مواد تھا جس سے لوگوں کو نقصان پہنچے گا۔

لیگی رہنما نے کہاکہ پاکستانی بزنس مین اپنا کاروبار باہر ملک لے کر جارہے ہیں، اس طرح کے حالات میں کون سرمایہ کاری کرے گا؟ ۔احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان کوئی پرائمری اسکول نہیں جس پر تجربات کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں