پاکستان چین نے ملکر سازشی عناصر کے عزائم کو خاک میں ملایا ہے، ہمایوں اختر خان
اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ خطے کے گھمبیر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستانی عوام،حکومت اورقومی سلامتی کے ادارے ایک پیج پر ہیں،شر پسند عناصر پاک چین دوستی میں دڑاڑیں ڈالنے میں ہرگزکامیاب نہیں ہو سکتے بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ دوستی مزید پروان چڑھ رہی ہے،آزاد کشمیر کے انتخابات میں تحریک انصاف واضح کامیابی حاصل کرے گی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال کسی طور پر بھی خطے کیلئے سود مند نہیں اورپاکستان اس کا ادراک کرتے ہوئے چوکنا ہے۔ کچھ غیر ملکی قوتیں افغانستان کی ابترصورتحال سے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں جنہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ خطے کے گھمبیرچیلنجزسے نمٹنے کے لئے پاکستانی عوام،حکومت اورقومی سلامتی کے ادارے ایک پیج پر ہیں اور پاکستان کابراچاہنے والوں کومنہ کی کھانا پڑے گی۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ پاکستان کے دشمن پاک چین دوستی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں لیکن دونوں ممالک کی قیادت نے اپنی دور اندیشی سے ہمیشہ ان عزائم کو خاک میں ملایا ہے اورعملی طور پر یہ ثبوت دیاہے کہ شر پسند عناصر اپنی سازشوں سے پاکستان اورچین میں دوریاں پیدا نہیں کر سکتے۔ چین سی پیک کے ذریعے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے جسے تاریخ میں سنہرے حرو ف میں لکھا جائے گا۔ہمایوں اخترخان نے کہا کہ آج کا سورج آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہوگا، آدھاتیتر آدھا بٹیرپر مبنی سیاست کرنے والی جماعتوں کو آزادکشمیر کے عوام اپنے ووٹ سے یکسر مسترد کر دیں گے۔


