کراچی میں شام 6بجے کے بعد باہر نکلنے پر مکمل پابندی کا اعلان

کورونا کیسز میں اضافے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں شام 6 بجے کے بعد مکمل پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کردیے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ اور کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ کراچی میں شام 6 بجے کے بعد مکمل پابندی لگائی جائے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں شام میں کوئی غیر ضروری گھر سے باہر نہ نکلے، پتا چلا ہے کہ ٹیوشن سینٹرز چل رہے ہیں لہٰذا شہر میں تمام ٹیوشن سینٹرز کو فوری بند کرایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دوبارہ جمعہ کے دن کورونا صورتحال کا جائزہ لیں گے اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو مزید اقدامات کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ناصر شاہ، مرتضیٰ وہاب اور اویس شاہ پر مشتمل کمیٹی قائم کردی جو تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کرکے صورتحال سے آگاہ کرے گی جب کہ کمیٹی سیاسی جماعتوں سے بھی بات کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کووڈ کی صورتحال پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
واضح رہےکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا کیسز میں غیر معمولی اضافے کے بعد حکومت نے صبح 6 سے شام 6 تک کاروبار کے اوقات مقرر کیے ہیں جب کہ شادی بیاہ سمیت دیگر تقریبات پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں