بلوچستان میں پینے کا صاف پانی ناپید، بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے، مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ:امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان میں غربت،بدعنوانی اور پسماندگی ختم کر نے میں مکمل ناکام ہوگئی۔ صرف دعوؤں اور وعدوں پر ڈنگ ٹپاؤ پالیسی جاری ہے۔ صوبہ میں پینے کا صاف پانی ناپید،بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری، تعلیم و صحت کے شعبوں اور انفراسٹرکچر کا براحال ہے۔ حکومت کی ترقی وخوشحالی کاغذوں تک محدود ہیں۔جماعت اسلامی حقیقی اسلامی حکومت قائم کرکے عوام کے مسائل حل کریگی وزیراعظم وعدوں کو پورا کریں۔عوام کومتحد ہو کر ظلم اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کا آغاز کرناہوگا۔ جماعت اسلامی کے دروازے ہر اس شخص کے لیے کھلے ہیں جو پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی خواہش رکھتاہے۔ جماعت سے وابستہ افراد قرآن وسنت کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ انہوں نے کہاکہ سابقہ وموجودہ صوبائی ووفاقی حکومتوں کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں، تینوں جماعتوں نے بدعنوانی کو رواج،احتساب کو ختم، آئی ایم ایف کی غلامی، سودی معیشت کو جاریرکھاہے مفادات کی سیاست نے ملک کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ جمہوریت کے نام پر قوم کو عرصہ دراز سے دھوکہ دیا جاتا رہا ہے۔ مارشل لاز نے رہی سہی کسر نکال دی۔ پاکستان کی ترقی کے لیے یہاں قرآن و سنت کا نظام نافذ کرنا ہوگا۔ جمہوریت کو اسلامی اصولوں کے تابع کرنے سے ہی عوام کی بہتری ممکن ہے۔ ملک میں دو فیصد سے کم طاقتور افراد نے قبضہ کر رکھاہے۔ چہرے بدل بدل کر وہی لوگ اقتدار کے ایوانوں میں آجاتے ہیں۔ انتخابات میں جس کے پاس جتنا پیسہ ہو، اس کی کامیابی کے اتنے ہی زیادہ امکانات ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایسے فرسودہ نظام سے جان چھڑانے کی ضرورت ہے او ریہ کام صرف اور صرف عوا م کی طاقت سے ہوسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ پرامن جمہوری انقلاب وقت کی ضرورت ہے۔ بلوچستان میں قدرتی آفات اور دیگر ایمر جنسی صورتحال سے نمٹنے والے اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اپنی استعداد کے مطابق عوامی خدمت کے ہر شعبہ میں بھر پور کام کر رہی ہے۔ جماعت اسلامی آئندہ بھی یہ کام بھر پور طریقے سے جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں