سوراب،بی ای ایس پی کے زیراہتمام چلنے والے اسکولز زبوں حالی کا شکار

سوراب: عدم توجہی کے باعث سوراب میں بلوچستان ایجوکیشن سپورٹ پروگرام کے زیراہتمام چلنے والے اسکولز زبوں حالی کا شکار، تعمیراتی کام ادھورا ہونے کے باعث تدریسی عمل شدید متاثر، عوامی حلقوں کا پروجیکٹ ڈائریکٹر اور سیکریٹری ایجوکیشن بلوچستان سے سوراب میں BESP کے زیراہتمام سکولوں پر توجہ اور ادھورے کام مکمل کرانے کا مطالبہ، رپورٹ کے مطابق ضلع سوراب میں بلوچستان ایجوکیشن سپورٹ پروگرام کے زیراہتمام اسکولوں میں شروع کیے گئے منصوبے پروگرام ڈائریکٹر اور ٹھیکیدار کی عدم دلچسپی کے باعث تشنہ تکمیل ہیں جس کے باعث نہ صرف تدریسی عمل شدید متاثر بلکہ زیرتعلیم طلباء و طالبات کو بھی دشواریوں کا سامنا ہے، صوبے میں فروغ تعلیم میں معاونت کے لئے بلوچستان ایجوکیشن سپورٹ پروگرام کے تحت سوراب میں بھی مختلف اسکولوں کو پروگرام میں شامل کیا گیا جس میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سوراب، گرلز مڈل اسکول دمب، گرلز پرائمری سکول جمال زئی گرلز ہائی سکول ہتھیاری گرلز مڈل سکول چھڈ تراسانی گرلز پرائمری سکول دوبانزل، گرلز مڈل سکول ٹوبہ، گرلز مڈل سکول گوندان، گرلز پرائمری سکول ٹوبہ جو شامل ہیں، منصوبے کے تحت مذکورہ تعلیمی اداروں کی حالت زار معیاری بنانے کے لئے تعمیراتی کام کا آغاز کیاگیا، مگر متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹر اور بااثر ٹھیکیدار کی عدم توجہی کے باعث عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال تشنہ تکمیل ہیں، مقامی لوگوں کی نشاندہی اور درخواست کے باوجود زیرالتوا کام مکمل نہیں کیا جارہا، جس کی وجہ سے ان اداروں میں تدریسی عمل شدید متاثر ہورہا ہے، عوامی اور سماجی حلقوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر بلوچستان ایجوکیشن سپورٹ پروگرام اور سیکریٹری ایجوکیشن بلوچستان سے اپیل کی ہے سوراب میں BESP کے ادھورے منصوبوں کا نوٹس لیکر انہیں مکمل کرانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ درپیش مشکلات کا ازالہ ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں