افغانستان میں صورتحال مزید خراب ہونے کی صورت میں افغان مہاجرین کی یلغار ہوگی، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کینیا کی وزیر خارجہ محترمہ ریچل اومامو کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دو طرفہ تعلقات، تجارتی و اقتصادی تعاون، افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شا ہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، کینیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، انگیج افریقہ پالیسی، ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان، کینیا کے ساتھ کثیر جہتی شعبہ جات میں دو طرفہ اقتصادی، تجارتی و دفاعی تعاون کے فروغ کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر خارجہ نے ماہ اکتوبر کیلئے سیکورٹی کونسل کی صدارت کا منصب سنبھالنے پر کینیا کی وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہاکہ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ قریبی ہمسایہ ہونے کے ناطے افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی و معاشی بحران پر گہری تشویش ہے، اگر افغانستان میں صورتحال مزید خراب ہوئی تو افغان مہاجرین کی یلغار سمیت بہت سے مضمرات سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ عالمی برادری افغانوں کو انسانی و معاشی معاونت کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے، وزیر خارجہ نے کینین ہم منصب کو،نیروبی میں موجود، سعودی عرب جانے کے منتظر پاکستانیوں کی فوری معاونت کی درخواست کی،کینین وزیر خارجہ ریچل اومامو نے نیروبی میں سعودی عرب جانے کے منتظر پاکستانیوں کو جلد سعودی عرب بھجوانے کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی،دونوں وزرائے خارجہ نے 30 جنوری 2020 کو نیروبی میں ہونیوالی ملاقات کے پس منظر میں باہمی روابط جاری رکھنے پر زور دیا۔


