کسٹمز کے مخبر کے اغوا اور قتل کے مقدمے میں گرفتار ملزمہ چینی باشندے کی بیوی نکلی

کراچی میں کسٹمز انٹیلی جنس کے ایک مخبر کے اغوا اور قتل کے مقدمے میں سابق ایس ایچ او سچل اور جعلی میجر کے ساتھ گرفتار ملزمہ فوزیہ ایک چینی باشندے کی اہلیہ ہے۔ کسٹمز کے مخبر فضل کو 17 جولائی کو پولیس موبائل میں سرجانی ٹاؤن میں گھر سے اغوا کیا گیا تھا جس کے بعد مغوی فضل کی گولیاں لگی لاش اسی رات اسٹیل ٹاؤن کے علاقے سے برآمد ہوئی تھی۔فضل کی مدد سے مئی میں کسٹم انٹیلی جنس نے 7 کروڑ روپے کی چھالیہ ضبط کی تھی، قبضے میں لیا گیا مال مبینہ طور پر عمران مسعود اور اس کے ساتھی وحید کاکڑ کا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق مخبر فضل قتل کیس میں گرفتار ملزمان کی دستاویزات کی چھان بین کے دوران یہ انکشاف سامنے آیا کہ مسیحی برادی سے تعلق رکھنے والی 40 سالہ ملزمہ فوزیہ نے سال 2018 میں چینی شہری لیان ژیگسن سے شادی کی تھی۔ملیر بلوچ محلہ گڈاپ کی رہائشی فوزیہ نے 11 مئی 2019 کو چینی باشندے سے شادی کی نادرا کے ریکارڈ میں رجسٹریشن کرائی، ملزمہ فوزیہ کا شوہر لیان ژیگسن چین چلا جاتا تھا تو وہ کراچی میں غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہو جاتی تھی۔دوسری جانب مقدمے کی تفتیش کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے تفتیشی افسر راجہ عمر خطاب کی نگرانی میں پولیس کی خصوصی ٹیم کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں