تبلیغی جماعت کا دہشت گردی سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں،پرویزالٰہی

لاہور: پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ کی رکن خدیجہ عمر نے قواعد و انضباط کار صوبائی اسمبلی پنجاب بابت 1997 کے قاعدہ 234 کے قاعدہ 115 اور دیگر قواعد کو معطل کر کے تبلیغی جماعت کے حوالے سے قرارداد پیش کرنے کی اجازت طلب کی۔ رکن اسمبلی خدیجہ عمر کی قرارداد کو سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے پڑھتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان اس بات کی تائید کرتا ہے کہ تبلیغی جماعت اور دیگر دینی جماعتیں اسلام کی دعوت و تبلیغ کا فریضہ سر انجام دے رہی ہیں، تبلیغی جماعت منظم اور عالمی جماعت ہے، یہ قرآن و سنت کے مطابق تبلیغ کا کام کر رہی ہے، تبلیغی جماعت کا دہشت گردی سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں، تاریخ گواہ ہے کہ یہ لوگ آج تک کبھی کسی ایسے کام میں ملوث نہیں رہے، یہ تو اسلام اور امن کے سفیر ہیں اور پاکستان کیلئے قابل فخر اثاثہ ہیں جو پوری دنیا میں تبلیغ اسلام سے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں، یہ ایسی جماعت ہے جس میں تمام طبقے کے لوگ شامل ہیں، تبلیغی جماعت نے غریب اور امیر کی تفریق ختم کر کے بھائی چارے کا عملی ثبوت دیا ہے۔ قرارداد کی کسی ممبرنے مخالفت نہیں کی بعدازاں قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں