محمد عامر کا معاملہ خراب کرنے میں پی سی بی کا کردار تھا، شاہد آفریدی

لاہور:قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بین الاقوامی شہرت یافتہ کرکٹر شاہد آفریدی پہلی مرتبہ پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر کے معاملے پر کھل کر بول پڑے ہیں اور انہوں نے معاملہ خراب کرنے کا ذمہ دار بورڈ اور میڈیا کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کھلاڑیوں سے بیٹھ کر بات کرنی چاہیے نہ کہ میڈیا کے ذریعے پلیئرز کو فیصلے سے آگاہ کیا جائے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ انتظامیہ نے محمد عامر کے معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا اور بہتر پلئیر کو ضائع کیا، عامر کو اختیار حاصل کہ اس کی مرضی ہے چاہے وہ ایک فارمیٹ کھیلے یا تمام، لیکن معاملے کو خراب کرنے میں بورڈ کو قصور وار سمجھتا ہوں۔ شاہد آفریدی نے پی سی بی کے سربراہ رمیز راجہ کی ہر ٹور میں الگ کوچ کی پالیسی سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ اگر دورے میں پرفارمنس اچھی نہیں تھی تو اس کی ذمہ داری کون لے گا پلئیر یا کوچ؟۔ مصباح الحق جیسے کرکٹرز کو ٹیسٹ کرکٹ میں کوچ ہونا چاہیے اور ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میں الگ ہونا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں