ملک بھر میں مکمل کرفیو نافذ کرکے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جائے،نرسز

کوئٹہ: نرسز ویلفیئر آرگنائزیشن آف پاکستان نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر میں مکمل کرفیو نافذ کرکے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جائے بصورت دیگر وائرس کی تباہ کاریاں انتہا کو چھو لیں گی جسکی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی، کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں نرسز فرنٹ لائن ہیں انہیں حفاظتی کٹس مہیا کی جائیں،ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس کی منظوری قابل ستائش ہے، یہ بات نرسز ویلفیئر آرگنائزیشن آف پاکستان کے سیکرٹری جنرل فہیم عباس نے صوبائی صدر نیہا مشتاق کے ہمراہ جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری بسم اللہ خان ناصر، ڈپٹی جنرل سیکرٹری آسیہ بھی موجود تھیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے اضافے کی شرح 40فیصد ہے جو کسی بھی ملک سے زیادہ ہے جبکہ ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت انتہائی محدود ہے ڈاکٹر، نرسز سمیت شعبہ طب سے منسلک افراد کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن ہر فرائض سرانجام دے ہیں بلخصوص نرسز مریضوں کے ساتھ براہ راست رابطی میں ہیں اب تک دنیا بھر میں 50سے زائد اور پاکستان میں تین نرسز کورونا وائرس کی وجہ سے شہید ہوچکی ہیں جبکہ بڑی تعداد وائرس سے متاثر ہے ہم نے اپنی استطاعت کے مطابق نرسز کو حفاظتی کٹس فراہم کی ہیں تاہم وہ ناکافی ہیں اور نرسز کو مزید کٹس کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نرسز کے لئے اعلان کردہ ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس قابل ستائش اقدام ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں جس شرح سے کورونا وائرس بڑھ رہا ہے اس سے ہسپتالوں میں جگہ کم پڑھنے کے خدشات موجود ہیں وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ کم از کم 15دنوں کے لئے سخت کرفیو نافذ کرے ہم یقین دہانی کرواتے ہیں کہ اگر اس تجویز پر عمل کرلیا جائے تو 15دن میں کورونا وائرس پر قابوپالیا جائیگا اگر حکومت نے اب بھی غفلت کا مظاہر ہ کیا تو اسکی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ گھروں میں رہ کر اپنی اور ہم وطنوں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں
٭٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں