قومی اسمبلی میں متعدد آرڈیننسز کی معیاد میں 120 دن کی توسیع کی قراردادیں منظور

اسلام آباد:قومی اسمبلی میں جمعرا ہونے والے اجلاس میں ضمنی مالیاتی بل 2021 کے علاوہ متعدد آرڈیننسز میں مزید 120 دن کی توسیع کی قرار دادیں بھی منظور کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعرا ت کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں برقی توانائی کی پیداوار، ترسیل و تقسیم کے انضباط (ترمیمی) آرڈیننس 2021 کی مزید 120 دن کیلئے توسیع کی قرارداد منظور کی گئی۔وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے قرارداد پیش کی کہ قومی اسمبلی برقی توانائی کی پیداوار، ترسیل و تقسیم کے انضباط(ترمیمی)آرڈیننس 2021 کی 22 دسمبر 2021 سے مزید 120 دن کی توسیع کا فیصلہ کرتی ہے۔اس موقع پر اپوزیشن نے اسپیکر کی رائے شماری کو چیلنج کیا جس پر حکومت اور اپوزیشن کے ارکان کو باری باری اسپیکر نے اپنی نشستوں پر کھڑا کرکے رائے شماری کرائی۔قرارداد کے حق میں حکومت کی جانب سے 145 ارکان نے اپنی رائے کا اظہار کیا جبکہ اپوزیشن کی جانب سے صرف 3 ارکان مخالفت میں کھڑے ہوئے، باقی اپوزیشن ارکان نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا اس طرح قرار داد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔ قومی اسمبلی نے سرکاری املاک(تجاوزات کا خاتمہ)آرڈیننس 2021 کی مزید 120 دن کیلئے توسیع کی قرارداد بھی منظور کرلی۔بابر اعوان نے قرارداد پیش کی کہ قومی اسمبلی سرکاری املاک(تجاوزات کا خاتمہ)آرڈیننس 2021 کی 22 دسمبر 2021 سے مزید 120 دن کی توسیع کا فیصلہ کرتی ہے جس کے بعد قومی اسمبلی نے قرارداد کی منظوری دے دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں