سندھ اور بلوچستان میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا
کراچی:کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر علاقوں میں برفباری اور سندھ کے متعدد مقامات پر بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی سندھ اور بلوچستان میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا اور سوئی سدرن گیس کمپنی کو اس وقت 250ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی قلت کا سامنا ہے۔سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق گیس کا موجودہ بحران رواں ماہ جنوری میں بھی برقرار رہنے کا امکان ہے،گیس کی شدید قلت کے باوجود گھریلو اور کھاد کے شعبے میں گیس کی مانگ میں مسلسل اضافہ کا رجحان ہے جب کہ بلوچستان کے گھریلو شعبہ کی طلب شدید سردی کی صورتحال کے باعث اہم ہے، دوسری طرف حکومت ایس ایس جی سی کی طلب اوررسد کے فرق کو دور کرنے کیلئے 75 ایم ایم سی ایف ڈی آرایل این جی فراہم کررہی ہے جو ان کی کمی کرنے کے اقدا م کے علاوہ ہے۔گیس لوڈ مینجمنٹ پلان میں درج منظورشدہ ترجیحی ترتیب کے مطابق گھریلو شعبہ سب سے پہلی ترجیح ہے جس کے بعد پاور اور برآمدات پر مبنی صنعت دوسری ترجیح ہے اور غیر برآمدی صنعت تیسرے نمبر پر ہے۔ منظور شدہ لوڈ مینجمنٹ پلان کے مطابق ایس ایس جی سی کو غیر برآمدی عام صنعت اور اپنے کیپٹیو پاور اور سی این جی سیکٹر کوگیس کی فراہمی میں کمی کرنا ہے تاکہ گھریلو اور کھاد کے شعبہ جات کو اور برآمدی صنعت کے یونٹس کی طلب کو پورا کیا جاسکے۔


