نواز شریف نے ڈیڑھ ارب کی مشینری مری کیلئے دی ہوئی ہے،شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد:سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے ڈیڑھ ارب کی مشینری مری کیلئے دی ہوئی ہے۔انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے کہا کہ نواز شریف علاج کروا کر واپس آئیں گے اس سے پہلے نہیں آئیں گے۔شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ڈی ایم نے 23 مارچ کو لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے، 23 مارچ کو پریڈ کے بعد عوام کی پریڈ ہوگی، جتنے لانگ مارچ ہوں گے حکومت پر اتنا ہی دباؤ بڑھے گا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے، جو کیسز بنائےگئے ہیں پورا پاکستان جانتا ہے، مقدمے کی حیثیت سب جانتے ہیں یہ کیس بنتا ہی نہیں، نیب پراسیکیوٹر خود پریشان ہے کہ کیا کیس ہے۔سینئر لیگی رہنما نے کہا کہ چیئرمین نیب کی حیثیت آپ سب نے دیکھ لی ہے، چیئرمین نیب بتائیں کہ ہمارے خلاف کون سے کیس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس حکومت پر کرپشن کے اسکینڈل ہیں،لیکن چیئرمین نیب خاموش ہیں، نیب نے ملک کے اندر تباہی پھیلائی ہے، ملک میں آج کوئی کام کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف نے ڈیڑھ ارب کی مشینری مری کیلئے دی ہوئی ہے، آج سے پہلے کبھی مری میں برف سے پھنسنے سے اموات نہیں ہوئی تھیں، کوئی ذمہ داری قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہے، ایک لفظ اظہار ہمدردی نہیں کر سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں