اسپیکر بلوچستان اسمبلی کا اوستہ محمد میں ٹراما سینٹر کا افتتاح

کوئٹہ:اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی میر جان محمد خان جمالی نے سول ہسپتال اوستہ محمد میں ٹراما سینٹر کا افتتاح کردیا۔ ٹراما سینٹر کے افتتاح کے موقع پر اسپیکر نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ صحت کی سہولیات ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ صحت کے حوالے سے ہم اپنے عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر کام کررہے ہیں اور صوبائی حکومت عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے انہوں نے کہا ٹراما سینٹر میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہسپتال کی متعلقہ انتظامیہ اور ڈاکٹرز اپنے ڈیمانڈز اور ضروریات نوٹ کروادیں تاکہ ہسپتال کو بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ ڈاکٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ ہسپتال میں صفائی اور مینٹینینس کا خاص خیال رکھا جائے۔ میڈیکل اسٹاف کی صحت و صفائی کو باقاعدگی سے جانچا جائے۔ انکے یرقان اور اس جیسی دیگر موذی امراض کا بھی ٹیسٹ لیا جائے تاکہ ہسپتال میں علاج کے غرض سے آئے ہوئے مریضوں کو ان موذی امراض سے بھی بچایا جاسکے۔ اپنے خطاب کے دوران اسپیکر نے کہا کہ گھوڑا ہسپتال شہر کے وسط میں قائم ہے، اس کے لئے ہم نے نئی زمین دی ہے اور ہسپتال کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے گااور گھوڑا ہسپتال کو بچیوں کے لئے اسکول میں شامل کیا جائیگا۔ اسپیکر نے کہا کہ ہماری بچیوں کو تعلیم کی اشد ضرورت ہے۔ جو اسکول میٹرک تک ہیں انھیں انٹر میں تبدیل کیا جائے گا اور انٹر کالجوں کو ڈگری کالج کا درجہ دیا جائے گا۔ اسپیکر نے ڈی سی کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر اسکول میں سولر سسٹم پراجیکٹس میں شامل کئے جائیں تاکہ اسکولوں کو بجلی کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ اسپیکر نے کہا کہ اوستہ محمد کے امن اور دستیاب معاشی مواقعوں کی وجہ سے اس شہر میں دیگر علاقوں کے لوگ بھی بستے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ استہ محمد میں نکاسی آب کے سسٹم پر کام کرونگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں