پاکستان پیپلزپارٹی نے لانگ مارچ میں ہم خیال اپوزیشن جماعتوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے ہم خیال اپوزیشن جماعتوں کو حکومت کے خلاف لانگ مارچ میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اور27 فروری کو ہونے والے لانگ مارچ میں دیگر جماعتوں کو شامل کرنے کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔اس حوالے سے پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے پاس حکومت کے خلاف سارے کارڈز موجود ہیں، ہم عوام کے پاس جارہے ہیں، ہمیں مل کر جدوجہد کرنا ہوگی اور سب کو اسلام آباد پہنچنا پڑے گا۔ خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 27 فروری کو مزار قائد کراچی سے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس سے متعلق پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا قافلہ ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا اور وہاں پہنچ کر اپنے مطالبات سامنے رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنا احتجاج آج سے ہی شروع کردیا ہے۔ حکومت سے نجات کے لیے صاف اور شفاف انتخابات ضروری ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)نے اپنے لانگ مارچ کے سلسلے میں انہیں اعتماد میں نہیں لیا۔ پیپلز پارٹی کسی ادارے کی طرف نہیں دیکھ رہی، عوام کو عمران خان سے نجات دلانے کے لیے سڑکوں پر نکل رہے ہیں۔ ہمارا منشور کل بھی روٹی،کپڑا اور مکان تھا اور آج بھی ہے۔ عوام غریب اور ملک کا وزیراعظم امیر ہوگیاہے، عمران خان بتائیں ان کے پاس کون سی جادو کی چھڑی ہے۔ واضح رہے کہ قبل ازیں حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی حکومت مخالف مارچ کا اعلان کر چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں