شہزاد اکبر عنقریب فارغ ہونے والے ہیں،عطاء تارڑ

لاہور:مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء تارڑ کی پیش گوئی کے مطابق شہزاد اکبر عنقریب فارغ ہونے والے ہیں۔ احتساب عدالت کے باہر لیگی رہنما عطاء تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہزاد اکبر نالائق اکبر ہے، تین سال سے ناکام ہورہا ہے۔عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ سر توڑ کوشش کر رہا ہے کسی طرح شہباز شریف کو گرفتار کروا دے، ڈیڑھ ڈیڑھ گھنٹے کی پریس کانفرنس کرتا ہے لیکن ثبوت کوئی عدالت میں پیش نہیں کرتے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ شہزاد اکبر عنقریب فارغ ہونے والے ہیں جبکہ انکی جگہ ایک شخص انٹرویو بھی دے چکا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز نے بریت کی درخواست واپس لے لی ہے، حمزہ شہباز نیب کے دونوں ترامیم کا فائدہ نہیں لینا چاہتے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ یہ ترامیم حکومت نے اپنے فائدے کے لیے کروائی ہیں، یہ این آر او ہے اور ہم اس این آر او کا حصہ نہیں بنیں گے۔عطاء تارڑ نے کہا کہ حکومت انتقام کی سیاست کر رہی ہے حمزہ شہباز 2 سال پابند سلاسل رہے، رمضان شوگر ملز کیس میں ثابت کریں گے ہمارا کوئی کردار نہیں ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ مری سانحے سے متعلق اسمبلی کا اجلاس کل ہماری ریکوزیشن پر بلایا گیا ہے، یہ انتہا کا ظلم ہے کہ چند افراد کو او ایس ڈی بنا کر اصل ذمے داران کو چھوڑ دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سانحہ مری رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں، اصل ذمے داران کو کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سکون کی نیند سو رہے تھے جب مری میں لوگ ٹھٹھر کر مر رہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں