مارچ عمران خان کی رخصتی کا مہینہ ہوگا،عظمیٰ بخاری

لاہور:مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مارچ وزیر اعظم عمران خان کی رخصتی کا مہینہ ہوگا۔عظمیٰ بخاری نے معاون خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ قوم چار سالوں سے عمران نیازی اور عثمان بزدار کے فوٹو سیشن ہی دیکھ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اپنا نام تبدیل کر کے ”بنارسی ٹھگ “ رکھ لینا چاہیئے، عمران حکومت وہ وائرس ہے جو ملک اور معیشت کو لگ چکا ہے، عمرانی وائرس، کورونا وائرس، اومیکرون اور ویرینٹ سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمرانی وائرس نے قومی خزانے کو بھی دیمک کی طرح چاٹ لیا ہے، اس وائرس نے زکوۃ اور کورونا فنڈ بھی کھا لیا ہے، کٹھ پتلی سرکار چار سال سے کورونا کے پیچھے چھپ رہی ہے، عمران خان اس کی فیملی کے بعد پی ٹی آئی کو بھی چندہ کھانے کی لت لگ گئی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی پر اس وقت سیاسی یتیموں اور نابالغ مہروں کا قبضہ ہے، پی ٹی آئی کے نظریاتی لوگ اب عمران خان کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں، چند ہفتے قبل سے فسادی ٹولہ پی ڈی ایم کے مارچ سے خوفزدہ ہے،اب چیخیں نکل رہی ہیں۔مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا لانگ مارچ بھی ہوگا اور مارچ سے قبل حکومت کا مارچ بھی نکالیں گے، مارچ عمران خان کی رخصتی کا مہینہ ہوگا۔

واضح رہے کہ معاون خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا تھا کہ سیاسی کورونا وائرس آئندہ ڈیڑھ سال تک ملک کا کچھ نہیں بگاڑ سکے گا، عوام اپوزیشن کے سیاسی کورونا سے بھی باخبر رہیں تو بہتر ہے۔

حسان خاور کا کہنا تھا کہ کورونا کی طرح اپوزیشن بھی بھیس بدل بدل کر ملک و قوم کو نقصان پہنچاتی آئی ہے، گزشتہ تین سال سے اس سیاسی وائرس کا پھیلاؤ مثبت حکومتی پالیسیوں نے روکا ہوا ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ اس وائرس کے رکنے سے برآمدات میں اضافہ، ریکارڈ ترسیلات زر، بہترین معاشی ترقی ہوئی، فوٹو شوٹ گورننس، اپنوں کو نوازنا، ملکی خزانے کو نقصان پہنچانا اس سیاسی وائرس کے سائیڈ ایفیکٹس ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی وائرس نے حکومت کو صوبے کے وسائل کی منصفانہ تقسیم سے روکے رکھا البتہ آج یہ وائرس کاٹ نہیں سکتا، لیکن منفی پراپیگنڈے کا زہر پھیلانے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔حسان خاور نے کہا تھا کہ حکومت عوامی فلاح کے ریکارڈ ترقیاتی کاموں سے اس سیاسی وائرس کا توڑ کر رہی ہے، کورونا وائرس سے عوام کی حفاظت حکومتی پالیسی اور عوامی مدد سے ممکن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، عوام سے درخواست ہے کہ احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔معاون خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے مزید کہا تھا کہ ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ اختیار کرنا کورونا سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں