آئی جی ایف سی کا فاطمہ جناح روڈ سانحہ میں جاں بحق ہزارہ برادری کے لواحقین کیلئے 5لاکھ معاوضہ دینے کا اعلان

کوئٹہ (آن لائن)آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ نے فرنٹیئر کور کے سینئر حکام کے ہمراہ مری آباد کوئٹہ کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر عبدالخالق ہزارہ اور چیرمین ہزارہ جرگہ حاجی فدا حسین نے آئی جی ایف سی کا استقبال کیا۔ ہزارہ کمیونٹی کے عمائدین، جن میں میجر(ر)نادر علی، علامہ ہاشم مساوی، صوبائی وزیر عبدالخالق ہزارہ اور چیرمین ہزارہ جرگہ حاجی فدا حسین شامل تھے، نے ائی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ کا مری آباد کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کہ ہزارہ کمیونٹی کے افراد دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بلاتفریق اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔ آئی جی ایف سی نے ہزارہ برادری کے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے لئے ہزارہ کمیونٹی کی قربانیاں اور مثبت کردار روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی بلوچستان ہزارہ بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی رہے گی۔ آئی جی ایف سی نے ہزارہ کمیونٹی کی حفاظت اور بہتری کے لیے ایف سی کی جانب سے اٹھائے گئے متعدد اقدامات پر عمائدین کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ آئی جی ایف سی نے گزشتہ روز فاطمہ جناح روڈ پر ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکے میں شہید ہونیوالے ہزارہ برادری کے افراد کی فاتحہ خوانی کی اور ان کے لواحقین کیلئے 5، 5 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر شرکا کے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے آئی جی ایف سی نے تعلیم کے فروغ کیلئے مری آباد اور ہزارہ ٹاون میں ایف سی کی جانب سے اسکولوں کے قیام کا وعدہ کیا اور ہزارہ جوانوں بشمول خواتین پر زور دیا کہ وہ ملک اور صوبے کی خدمات سرانجام دینے کیلئے ایف سی بلوچستان کو جوائن کریں۔ اس سلسلے میں ایف سی ہر ممکن سہولیات انہیں فراہم کرے گی۔ انہوں نے مری آباد میں سیکیورٹی کی فراہمی، کھیلوں کے انعقاد اور دیگر مسائل کے خاتمے کیلئے متعلقہ اسٹاف کو بھی موقع پر ہدایات جاری کیں۔ انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ اور دیگر ایف سی حکام کے مری آباد کیاس دورے کو ہزارہ برادری اور علاقہ مکینوں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کا ہمیشہ ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں