اسلام آباد میں 50 ہزار افراد کے پانچ دن کے دھرنے پر20 کروڑ تک خرچہ آسکتا ہے

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کا اسلام آباد میں آزادی مارچ بدھ کو ہوگا۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنماں کے مطابق آزادی مارچ دھرنے میں تبدیل ہو سکتا ہے جو کئی دن جاری رہ سکتا ہے۔ مغربی نشریاتی ادارے کے مطابق اگر اسلام آباد میں 50 ہزار لوگ پانچ دِن تک دھرنے میں رہتے ہیں تو اس میں تمام اخراجات کا تخمینہ 15 کروڑ سے 20 کروڑ تک ہو سکتا ہے۔ بی بی سی کے مطابق اسلام آباد مارچ میں خدمات دینے والے ایک شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اگر 50 ہزار لوگ اسلام آباد میں اکھٹے ہو جاتے ہیں اور یہ دھرنا پانچ دِن تک رہتا ہے تو اس میں تمام اخراجات کا تخمینہ 15 کروڑ سے 20 کروڑ تک ہو سکتا ہے۔لیکن یہ محض اسلام آباد پڑا و ڈالنے کا خرچہ ہے۔ ان گاڑیوں کے کرائے، پیٹرول و ڈیزل اور عملے کا خرچہ شامل نہیں جو منصوبے کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر، سندھ، پنجاب یا خیبر پختونخوا سے آنی ہیں۔اس مارچ اور دھرنے کے لیے ابتدائی پانچ دِن کے انتظامات میں محض سانڈ سسٹم پر جو خرچہ آ رہا ہے، وہ روزانہ 1 کروڑ 73 لاکھ بنتا ہے۔لائٹس، ٹرک اورجنریٹر کا خرچہ الگ ہے۔ واضح رہے کہ ٹرکوں پر سانڈ سسٹم انسٹال ہوتا ہے اور ہر ٹرک پر لائٹس لگائی جاتی ہے اور ایک جنریٹر بھی موجود ہوتا ہے۔پی ٹی آئی کے اسلام آباد مارچ کے لیے لگ بھگ ایسے 122 ٹرک تیار کیے گئے ہیں اور ایک ٹرک کا خرچہ روزانہ کی بنیاد پر تقریبا 24 ہزار روپے بنتا ہے۔یہ ٹرک پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، جہاں سے اسلام آباد کی طرف قافلے آنے ہیں، بھیجے جائیں گے جن میں خیبرپختونخوا سے ڈی آئی خان، بنوں، کوہاٹ، پشاور، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور چارسدہ جب کہ پنجاب سے چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانولہ، سیالکوٹ، لاہور، اوکاڑہ اور ملتان شامل ہیں۔دھرنے کے دوران بڑی تعداد میں جنریٹرز بھی استعمال ہوتے ہیں۔مختلف دھرنوں، جلسوں اور اجتماعات میں جنریٹرز مہیا کرنے والے ایک شخص نے بتایا کہ ایک جنریٹر کا روزانہ کا کرایہ 15 ہزار تک ہوتا ہے۔ ایک بڑا جنریٹر فی گھنٹہ 20 لیٹر تیل استعمال کرتا ہے اور اس دھرنے میں ایک سو سے زائد جنریٹر استعمال ہو سکتے ہیں۔یہ پیسہ آئے گا کہاں سے؟ اس سوال پر صدر پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد ریجن علی نواز اعوان کا کہنا تھا کہ سارا خرچہ پارٹی کے چاہنے والے خود برداشت کر رہے ہیں اور نامنظور ڈاٹ کام ویب سائٹ پر ہمارے پاس اس ضمن میں اچھی خاصی رقم جمع ہو چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں