کورنگی صنعتی ایریا میں ٹریفک پولیس اہلکار کی فائرنگ سے ملزم مارا گیا،فیروزآباد، کورنگی سے 2زخمی گرفتار

کراچی (انتخاب نیوز) کورنگی صنعتی ایریا میں ٹریفک پولیس نے مقابلے کے دوران ایک ملزم کو ہلاک جبکہ اس کے ساتھی کو گرفتار کرلیا، فیروز آباد اور کورنگی سے مقابلوں کے بعد دو زخمی ملزمان پکڑے گئے۔ چمڑا چورنگی پر پی ایس او پیٹرول پمپ کے قریب ٹریفک پولیس اہلکار کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ارباب کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی، پولیس کے مطابق ملزم کے ساتھی عاشق اللہ کو گرفتار کرکے پستول، موٹرسائیکل اور 6 مسروقہ موبائل فون برآمد کرلئے گئے۔ دریں اثناء فیروز آباد کے علاقے میں طارق روڈ پر موبائل مارکیٹ میں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد محمد یامین کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے پستول برآمد کرنے کا دعویٰ کیا،پولیس کے مطابق ملزم کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔قبل ازیں کورنگی سیکٹر 31 میں امان ٹاور کے قریب پولیس کی فائرنگ سے زاہد حسین زخمی ہوا جسے جناح اسپتال پہنچایا گیا، پولیس نے مضروب سے پستول برآمدگی کا دعویٰ کیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں