معدنی یونیورسٹی چاغی کا پی سی ون مکمل،جلد ٹینڈرنگ کا مرحلہ شروع کرنے کا اعلان
کوئٹہ+اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عبد الفتح مری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں محمد عمر خان سنجرانی یونیورسٹی برائے معدنیات و قدرتی وسائل، نوکنڈی (چاغی) کے قیام کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ ایچ ای سی نے بتایا کہ یونیورسٹی کا پی سی ون مکمل کرلیا گیا ہے اور جلد ہی ٹینڈرنگ کا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔ ایکزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی نے بتایا کہ منصوبہ ترجیحات میں شامل ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور اس یونیورسٹی کے قیام سے نوجوان نسل کو گھر کی دہلیز پر پیشہ وارانہ تعلیم کے حصول میں مدد ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ مزید ایسے تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ قدرتی وسائل سے مقامی لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچنا چاہئے اور یہ کہ ہنر مند ہاتھ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ بطور چیئرمین سینیٹ میری خواہش ہے کہ بلوچستان اور ملک کے دیگر پسماندہ علاقوں میں ایسے تعلیمی اداروں کے قیام کے لئے کوششیں کروں۔ منصوبے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ محمد عمر خان سنجرانی یونیورسٹی برائے معدنیات و قدرتی وسائل ایک بہت بڑا منصوبہ ہے اور یہ علاقے کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کریگا۔