قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ختم، سمارٹ لاک ڈاؤن میں نرمی پر گفتگو

اسلام آباد: وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا، 9 مئی کے بعد سمارٹ لاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے گفتگو کی گئی، عمران خان قوم کو فیصلوں سے متعلق آگاہ کریں گے، وزرائے اعلیٰ نے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق ملک بھر میں تجارتی مراکز 10 مئی سے کھولے جانے کا امکان ہے جبکہ اجلاس میں اندرون ملک پروازیں کھولنے بارے بھی فیصلہ متوقع ہے۔ وزیراعظم عمران خان این سی سی کے فیصلوں پر قوم کو اعتماد میں لیں گے۔دوسری جانب باہمی مشاورت کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے ملک بھر میں 11 مئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی، چھوٹی دکانیں، عید کی خرید و فروخت سے متعلق دکانیں، مقامی ٹرانسپورٹ اور اندرون ملک پروازیں کھولنے کی تجاویز منظور کرلیں، تاہم این سی او سی نے تجویز دی کہ سکولز، شادی ہال، ہوٹل اور بڑے شاپنگ مالز بند رکھے جائیں اور ریلوے سروس بھی فی الحال بحال نہ کی جائے۔اجلاس میں پائپ ملز، الیکٹریکل کیبلز، سٹیل، ایلومینیم، برتن سازی کی صنعتیں، سینٹری، پینٹس، ہارڈ وئیر سٹورز کھولنے کی سفارش بھی کی گئی۔ رمضان المبارک کے آخری پندرہ روز میں مذہبی اجتماعات کے لئے قواعد وضوابط میں تبدیلی نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے سفارش کی کہ اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے، جلسے، جلوسوں کی اجازت نہ دی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں