وفاقی حکومت کا موبائل فونز کی درآمد پر پابندی واپس لینے کا فیصلہ

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی حکومت نے موبائل فونز کی درآمد پر پابندی واپس لینے کافیصلہ کر لیا ہے اور اس ضمن میں باقاعدہ احکامات رواں ہفتے جاری ہونے کی توقع ہے۔ وفاقی حکومت نے زرمبادلہ کے ذخائر کو سنبھالا دینے کیلئے مختلف اشیا کی درآمد پر پابندی عائد کردی تھی تاہم وزارت صنعت وپیداوار ،کابینہ سیکرٹریٹ اور کسٹم کی جانب سے موبائل فون کی درآمد پر عائد پابندی واپس لینے کی استدعا کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت صنعت و پیداوار، کابینہ سیکرٹریٹ اور کسٹم کی جانب سے سفارش کی گئی تھی کہ موبائل فونز کی درآمد سے کروڑوں روپے ٹیکس وصولی ہوتی ہے لہٰذا اس پر عائد پابندی واپس لے لی جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ اعدادو شمار کے مطابق رواں سال کے پانچ ماہ میں 9 لاکھ 40 ہزاراور گزشتہ سال ا یک کروڑ 2 لاکھ 60 ہزار موبائل فون درآمد کئے گئے تھے جس سے حکومت نے ٹیکس وصولی کی مد میں خاطر خواہ رقم حاصل کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں