تحریک انصاف کا سیاسی پاور شو، عمران خان لاہور پہنچ گئے

لاہور (انتخاب نیوز) پاکستان تحریک انصاف ہفتے کے روز لاہورکے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان دو روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے اور انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے جلسے کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ بھی لی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف چودہ اگست کے جشن کے سلسلہ میں آج ہفتہ کے روز نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جلسہ منعقد کرے گی جس کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ تحریک انصاف کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے ہاکی اسٹیڈیم کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ ضلعی اور پولیس افسران نے بھی اسٹیڈیم کا دورہ کرکے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو چیک کیا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے لاہور کی عوام کو جلسے میں شرکت کی دعوت دینے کیلئے مختلف مقامات پر ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان دو روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے ہیں۔ وسطی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر رہنماؤں نے عمران خان سے ملاقات کر کے انہیں جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ عمران خان کی زیر صدارت اجلاس بھی جس میں اسد عمر، سبطین خان، ڈاکٹر یاسیمین راشد، عندلیب عباس، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری سمیت دیگر رہنماشریک ہوئے۔ اجلاس میں جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی جبکہ پارٹی اور سیاسی امور بھی زیر بحث آئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں