بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ٹاوروں کی تنصیب مکمل، بجلی کی فراہمی بحال
کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے ترجما ن نے کہاہے کہ شدید بارش اورطوفانی ہواؤں کی وجہ سے 132kvڈبل سرکٹ خضدار۔سوراب۔باغبانہ ٹرانسمیشن لائن کے گر ے ہوئے ٹاوروں کی مرمت وبحالی اور تنصیب کاکام مکمل کرلیا گیا ہے۔ کیسکوکے شعبہ گرڈ سسٹم آپریشن (جی ایس او) اور گرڈ سسٹم کنسٹرکشن (جی ایس سی) کا عملہ بحالی وتنصیب کے کام میں دن رات مصروف عمل رہے اور اتوار کے روز تنصیبی کام مکمل کرلیا گیا۔ ترجمان نے مزید کہاکہ ٹاوروں کی تنصیب کاعمل مکمل کرکے قلات، سوراب، گدر، بیسیمہ اور خاران گرڈ اسٹیشنز کو اس ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے اور اب معمول کے مطابق ان تمام گرڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شدید بارش اور طوفانی ہواؤں کی وجہ سے 132kv ڈبل سرکٹ خضدار، سوراب، باغبانہ ٹرانسمیشن لائن کے دو ٹاورز گرگئے تھے۔ جس کی وجہ سے قلات، سوراب، گدر، بسیمہ اور خاران گرڈ اسٹیشنز کو اس ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی معطل ہوئی تھی جس کے بعد کیسکو نے ان تمام گرڈ اسٹیشنز کو متبادل ذرائع سے بجلی کی فراہمی بحال کردی۔


