شہباز گل کی گرفتاری کیخلاف پی ٹی آئی کا سینیٹ میں احتجاج، ڈائس کا گھیراؤ

اسلام آباد (انتخاب نیوز) سینیٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی گرفتاری کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے اراکین شدید احتجاج اور شور شرابہ کرتے ہوئے سیاہ پٹیاں باندھ کر ایوان میں آئے، چیئر مین سینٹ کے ڈائس کا گھیراؤ اور نعرے بازی پر صادق سنجرانی برہم ہوگئے، اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔ چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس میں تحریک انصاف کے سینیٹرز بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر ایوان میں آئے، نکتہ اعتراض پر شہباز گل کی گرفتاری اور تشدد کے حوالے سے شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔ سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ جو تصاویر دکھائی گئی ہیں ان میں تشدد نہیں کیا گیا۔ شیری رحمن کی تقریر کے دوران اپوزیشن اراکین شور شرابا اور نعرے بازی کرتے رہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اپوزیشن کو نعرے بازی سے روکنے کی کوشش کی اور کہا کہ اپنی نشستوں پر جائیں گے ورنہ اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردوں گا۔ اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ صبح جو تشدد کیاگیا وہ ضمیر جھنجھوڑنے کے لئے کافی ہے،گزشتہ روز سینیٹ کا وفد پمز عیادت کیلیے گیا تو ملنے نہیں دیاگیا۔انہوں نے کہا کہ فئیر ٹرائل ضرور کریں تاہم انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہ کریں۔وزیر مملکت مرتضیٰ جاوید عباسی موجودہ حالات کا زمہ دار پی ٹی آئی کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ انکو اقتدار چھن جانے کا دکھ ہے انہوں نے اپنے دور اقتدار میں تین تین ماہ سیاسی رہنماؤں کو حراست میں رکھا اور کوئی میڈیکل بورڈ بھی نہیں بنوایا۔ اس دوران اپوزیشن نے شور شرابا اور احتجاج جاری رہا جس پر چیئرمین صادق سنجرانی نے اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں