سلمان رشدی کیخلاف مسلمانوں کا غصہ بجا، حملے کا جواز نہیں بنتا، عمران خان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے امریکا میں ہونے والے حملے میں شاتم رسول ملعون سلمان رشدی پر چاقو سے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصنف کیخلاف مسلمانوں کا غصہ سمجھ میں آتا ہے لیکن حملے کا جواز نہیں بنتا۔ گارجین کی رپورٹ کے مطابق عمران خان نے دوران انٹرویو کہا کہ ’میرے خیال میں یہ خوفناک، افسوسناک ہے‘۔ عمران خان نے کہا کہ سلمان رشدی سمجھ گیا کیونکہ وہ ایک مسلمان گھرانے سے تعلق رکھتا ہے، وہ ہمارے دلوں میں بسنے والے پیغمبرؐ کی محبت، احترام، تعظیم کو جانتا ہے، وہ جانتا تھا، لیکن جو ہوا اس کا جواز نہیں بنتا۔ خیال رہے کہ سلمان رشدی پر نیویارک میں ایک تقریب کے دوران حملہ ہوا جس میں وہ شدید زخمی ہوا۔ ڈاکٹرز کے مطابق ملعون سلمان رشدی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ ملعون سلمان رشدی پر حملہ کرنے والے نوجوان کی شناخت 24 سالہ ہادی مطر کے نام سے ہوئی جو امریکی ریاست نیو جرسی کے علاقے فیئر ویو کے رہائشی ہیں۔ امریکی پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان سمیت مسلم امہ میں عمران خان کے حالیہ بیان پر شدید رد عمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں