حکمران پھر سے صوبوں کے آئینی اور مالیاتی اختیارات کم کرنا چاہتے ہیں: آصف زرداری

لاہور: سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کورونا سے لڑنے کی بجائے اپوزیشن سے لڑ رہی ہے، حکمران پھر سے صوبوں کے آئینی اور مالیاتی اختیارات کم کرنا چاہتے ہیں، بدقسمتی سے ملک کو مشرف دور کی طرف لے جانے کی کوشش ہو رہی ہے۔پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس کے دوران ملک میں کورونا، سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ قمرزمان کائرہ نے بتایا کہ آصف زرداری نے کورونا پر فکر مندی اور حکومتی فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔گفتگو کے دوران آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جب 2008 میں پیپلز پارٹی کو اقتدار ملا تو ملک دہشت گردی اور نفاق کا شکار تھا، ہم نے قومی اتفاق رائے سے سوات آپریشن کیا اور امن لیکر آئے، ملک میں اناج کا بحران تھا، آٹے پر جھگڑے ہو رہے تھے۔ ہم نے ملک کو خوراک میں خودکفیل کیا۔ بدقسمتی سے حکمران پھر ملک کو مشرف دور کی طرف لےکر جا رہے ہیں۔ بلوچستان ناراض تھا، آغاز حقوق بلوچستان پیکیج دے کر انہیں ساتھ جوڑا، مشرف آمریت کی وجہ سے وفاق خطرات کی زد میں آچکا تھا، ہم نے صوبوں کو آئینی اور مالیاتی اختیارات دیکر وفاق کو مضبوط کیا۔آصف زرداری نے کہا کہ حکمران پھر سے صوبوں کے آئینی اور مالیاتی اختیارات کم کرنا چاہتے ہیں، حکمرانوں نے ملک میں موجود تمام اتفاق رائے برباد کر دیا ہے۔ کورونا کے حوالے سے آنے والا وقت زیادہ مشکل ہے جس کے لئے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں