مریم اورنگزیب سے پی ٹی آئی ورکرز کی بدتمیزی پرریحام خان کی مذمت

اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کے ساتھ لندن میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے خلاف لندن پولیس سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ریحام خان نے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا اور واقعے کی مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ایک ایسا واقعہ ہے جس کی اطلاع پولیس کو دی جانی چاہیے، یہ چہرے پہچانے جا سکتے ہیں، یوں اس طرح سے سڑک پر کسی عورت کا پیچھا کرنا اور اسے کیفے میں ہراساں کرنا کسی طور بھی قابل قبول نہیں ہے۔ عمران خان کی سابقہ اہلیہ نے لندن پولیس کو ٹیگ کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ بدسلوکی کرنے والی خواتین اور نوجوانوں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔ اپنی ایک اور ٹوئٹ میں ریحام خان نے مزید کہا کہ ان لوگوں سے متعلق پی پی ایل کو رپورٹ کرنا چاہیے، ان کا پیچھا کریں اور ان کی شناخت کریں، کیفے کی جانب سے بھی شکایت کی جانی چاہیے، ان کے سماجی رویوں کے خلاف اس قدم پر کارروائی ہونی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں